پی سی بی کا جیمز فالکنرکو مستقبل میں پی ایس ایل نہ کھلانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کو مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نہ کھلانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فالکنر کے حوالے سے پی سی بی اور تمام پی ایس ایل فرنچائزز نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے دوران جیمز فالکنر کی جانب سے لگائے جانے والے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

جیمز فالکنر کی جانب سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوران عدم ادائیگی سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

علامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیمز فالکنر کے قابل مذمت رویے سے مایوس ہیں، فالکنر پاکستان سپر لیگ 2021کے ابوظبی مرحلے کابھی حصہ تھے جہاں شریک دیگر تمام ارکان کے ہمراہ ان کے ساتھ بھی احترام کا رویہ اختیار کیا گیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی 7 سالہ تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی نے کبھی بھی عدم ادائیگی کی شکایت نہیں کی، اس کے برعکس تمام کھلاڑیوں نے ہمیشہ پی سی بی کی کوششوں کو سراہا ہے ، ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی 2016 سے پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں