بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت آج 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ بدھ کے روز تیل کی قیمتیں یکمشت 1 ڈالر سے زائد تک گر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا ہے، سود کی شرح میں مزید اضافے کے خدشات نے عالمی کساد بازاری اور ایندھن کی طلب کم ہونے پر تشویش کو جنم دیا جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی آئی ہے۔
گزشتہ سیشن کے دوران برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت میں 1.08 ڈالر کی کمی ہوئی جس سے برینٹ کروڈ 91 اعشاریہ 75 ڈالر فی بیرل پر آگیا جسے 18 فروری کے بعد سب سے کم قرار دیا جارہا ہے جبکہ روس نے یوکرین پر حملہ 24 فروری کو کیا تھا۔عالمی منڈی میں امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت میں بھی 1.20 ڈالر کی کمی ہوئی جو 85 اعشاریہ 68 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا جبکہ بینچ مارک 85 اعشاریہ 08 ڈالر کی سطح پر رہا جو 26 جنوری کے بعد سب سے کم ہے۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے خدمات کے توقع سے بہتر اعدادوشمار کے باوجود بین الاقوامی سطح پر ترقی کی شرح مایوس کن ہے .جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں.