انڈین پریمئیر لیگ میں نئے قوانین لاگو کرنے کا فیصلہ

انڈین پریمئیر لیگ کے شروع ہونے میں اب صرف چند دن رہ گئے ہیں، لیگ میں آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نئے قوانین کا اطلاق ہو گا۔

لیگ شروع ہونے سے پہلے بی سی سی آئی نے آئی پی ایل میں تمام نئے قوانین کولاگو کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، توقع ہے کہ اس کی وجہ سے لیگ کا یہ سیزن سنسنی خیز ہو گا۔

بورڈ نے ڈی آر ایس کی تعداد سے لے کر سپر اوور اور کورونا سے متعلق قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔

اگر کووڈ کی وجہ سے میچ نہیں ہوپاتا ہے تو اس کے نتیجے کا فیصلہ کیسے ہوگا ، اس حوالے سے بھی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

اس مرتبہ آئی پی ایل کا انعقاد مکمل طور پر ہندوستان میں کیا جا رہا ہے ،کورونا کے خطرات کے پیش نظر لیگ مرحلے کے 70 میچ صرف مہاراشٹر اور پونے میں کھیلے جائیں گے ۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اگر کوئی ٹیم کورونا وباء کی وجہ سے پلیئنگ الیون کو میدان میں اتارنے میں ناکام رہتی ہے تو بی سی سی آئی اس میچ کو ری شیڈول کرے گا۔

اگر میچ ری شیڈول نہیں ہوپاتا ہے تو اسے ٹیکنیکل کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا۔ آئی پی ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کا فیصلہ حتمی اور قابل قبول ہوگا ۔
پہلے کے اصول کے مطابق اگر بورڈ میچ کو ری شیڈول کرنے میں کامیاب نہیں ہوپاتا ہے تو فرنچائزی کو ہارنے والی ٹیم مانا جاتا اور اس کی حریف ٹیم کو 2 پوائنٹس دئے جاتے ، مگر اب اس اصول کو تبدیل کرتے ہوئے اس کو ٹیکنیکل کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا۔

پلیئنگ کنڈیشنز میں دوسری تبدیلی ڈی آر ایس کے حوالے سے ہوئی ہے ۔ اب ٹیموں کو ہر اننگز میں ایک کی بجائے 2 ریویو ملیں گے ۔

چند روز قبل میلبورن کرکٹ کلب نے کچھ قوانین میں تبدیلی کی تھی، جس کی بی سی سی آئی نے حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایم سی سی کے مطابق بلے باز کے کیچ آؤٹ ہونے پر نیا بلے باز ہی اسٹرائیک پر آئے گا۔ اوور کی آخری گیند پر اگر بلے باز کیچ آؤٹ ہوتا ہے تو اس صورت میں ہی اسٹرائیک تبدیل کی جائے گی ۔

بی سی سی آئی نے سپر اوور کے حوالے سے بتایا کہ اگر پلے آف یا فائنل میں میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور ممکن نہیں ہو پاتا ہے یا ایک سپر اوور کے بعد بھی میچ کا نتیجہ نہیں نکلتا ہے اور اگلا سپر اوور ممکن نہیں ہوتا تو ایسی صورت میں فاتح کا فیصلہ لیگ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی پوزیشن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ لیگ مرحلے میں جو بھی ٹیم ٹاپ پر رہی ہوگی ، اس کو فاتح قرار دیا جائے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں