بھارت میں ایک بچے کی پیدائش نے ڈاکٹرز اور گھر والوں سمیت سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک خاتون نے اسپتال میں بچے کو جنم دیا تو گھر والے بہت خوش تھے لیکن جب گھر والوں نے بچے کو دیکھا تو حیرت میں مبتلا ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز بھی جسم کے 60 سے 70 فیصد حصے پر بالوں والے بچے کی پیدائش پر حیران رہ گئے، بچے کی پیدائش کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بچے کو دیکھنے اسپتال پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نومولود جینٹ کونجینیٹل میلا نوسائٹک نیوس (Giant Congenital Melanocytic Nevus) نامی بیماری کا شکار ہے جس کے باعث اس کے جسم پر اضافی بال لگ گئے ہیں، اس کے علاوہ بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچے کو علاج کے لیے لکھنو منتقل کیا جائے گا جہاں اس کے جسم سے اضافی بالوں کو ہٹا دیا جائے گا۔