ہوٹل کے کمرے سے ویڈیو لیک ہونے پرویرات کوہلی کا شدید ردعمل

ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور انکی اہلیہ انوشکا شرما ناراض ہوگئے۔

ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو ان کے ہوٹل کمرے میں بنائی گئی جس میں ان کے کمرے کا دورہ کرایا گیا۔

ویرات کوہلی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور میں نے ہمیشہ اس کی پذیرائی کی ہے مگر یہ ویڈیو ہولناک ہے جس نے مجھے اپنی پرائیویسی کے بارے میں فکرمند کردیا ہے۔

کوہلی نے کہا کہ اگر مجھے اپنے ہوٹل کمرے میں بھی پرائیویسی نہیں مل سکتی تو مجھے ذاتی اسپیس اور کہاں ملے گی؟، اپنی پرائیویسی پر اس طرح کا حملہ برداشت نہیں کرسکتا۔ کسی اور کی پرائیویسی کا احترام کریں اور دوسروں کو اپنی تفریح کا سامان مت سمجھیں۔

کوہلی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں یہ واضح نہیں کہ ویڈیو بنانے والے کون ہیں تاہم یہ ضرور دیکھا جا سکتا ہے کہ کمرے میں کم از کم تین افراد موجود ہیں اور امکان ہے کہ ان افراد کا تعلق ہوٹل انتظامیہ سے ہے، ویڈیو میں ویرات کوہلی کا کٹ بیگ، ان کے جوتے اور استعمال کی دیگر اشیاء دکھائی دے رہی ہیں۔

ویرات کوہلی کی اہلیہ اور بالی وڈ سپراسٹار انوشکا شرما نے بھی اپنے انسٹاگرام پر اس حوالے سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اپنی سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ میں نے ماضی میں کچھ واقعات کا سامنا کیا ہے جہاں مداحوں نے وقار اور ہمدردی کا مظاہرہ نہیں کیا مگر یہ واقعہ ان سب میں سے بدتر ہے۔

انوشکا نے لکھا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے اور اگر کوئی سوچتا ہے کہ سلیبرٹی ہو تو برداشت کرنا پڑے گا تو اس کو پتہ ہونا چاہیے کہ وہ اس خرابی کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں