خاتون جنت حضرت فاطمہ پر بنائی گئی برطانوی فلم پرپابندی عائد

مراکش نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی حضرت فاطمہ الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا کی زندگی پر بنائی گئی برطانوی فلم ’دی لیڈی آف ہیون (خاتون جنت ) ’ پرپابندی عائد کردی ہے۔

اس فلم کومراکش سے قبل بھی کئی ممالک توہین رسالت قرار دے چکے ہیں۔

اس حوالے سے مراکش سینماٹوگرافک سینٹرنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں ’دی لیڈی آف ہیون ’ کی نمائش کے لیے لائسنس نہیں دیا جائے گا۔ایلی کنگ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم پرمراکش میں تجارتی ،ثقافتی بنیادوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

پابندی کی زد میں آنے والی توہین آمیزمواد پرمبنی اس فلم کے لیے کہا جارہا ہے کہ حضرت فاطمۃ الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا کی زندگی پربنائی جانے والی اپنی نوعیت کی پہلی فلم ہے جس میں اسلام کی معتبرشخصیات کو متنازع بنا کرپیش کیا گیا۔

دی لیڈی آف ہیون برطانیہ میں 3 جون کو ریلیز کی گئی تھی تاہم سینما گھروں کے باہراحتجاج کے بعد دنیا کی سب سے بڑی سینما چین “سائن ورلڈ” نے نمائش کا سلسلہ ہرجگہ روک دیا تھا۔

مراکش سینماٹوگرافک سینٹر کے فیصلے سے قبل مراکشی علما کے سب سے بڑے فورم سپریم علما کونسل کی جانب سے بھی اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ فلم اسلامی تاریخ سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے اور گمراہ کن انداز میں پیش کرنے کی کوشش ہے۔

مراکش سے قبل فلم کو توہین آمیز قراردیتے ہوئے پاکستان، مصر، ایران اورعراق میں بھی اس کی نمائش پرپابندی عائد کی جا چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں