روزوں کے فوائد سے متاثر قومی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچ کا 30 روزے رکھنے کا اعلان

پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈچ ہیڈ کوچ سیگفیڈ ایکمین نے رمضان کے پورے مہینے روزے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سیگفیڈ ایکمین نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ روزے رکھنے کا اتنا فائدہ ہو گا، میں نے اب رمضان میں پورے روزے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیگفیڈ ایکمین نے بتایا کہ شروع میں مجھے اس کا عادی ہونا پڑا، میرے سر میں درد بھی ہوا، معدے کا مسئلہ بھی ہوا لیکن یہ دو چار روز رہا۔

ڈچ کوچ کا بتانا ہے کہ پہلے میں سمجھتا تھا کہ یہ جو تجربہ میں کر رہا ہوں یہ زیادہ نہِیں ہو گا،کچھ دن تک رہے گا لیکن پھر مجھے سب ا چھا لگنے لگا اور میں اس کا عادی ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ روزوں نے مجھے میرے بارے میں بہت کچھ سکھایا ہے، مجھے پتہ چلا ہے کہ مجھے کب کیا کرنا ہے،کب کیا نہیں کرنا، میرا جب دل چاہتا تھا پانی پیتا، پھل کھاتا، ڈرائی فروٹ کھاتا تھا، اب ایسا نہیں ہے، اب مجھے پتہ ہے کہ مجھے کتنا انتطار کرنا ہے اور کب کھانا ہے۔

سیگفیڈ ایکمین نے کہا کہ روزوں نے مجھے پر سکون بنایا ہے، جہاں آپ رہتے ہیں وہاں آپ کا تعلق مضبوط ہوتا ہے کیونکہ میرا اس بات کا یقین ہے کہ جس ملک میں ہوں وہاں کا کلچر اپناؤں، آس پاس جو لوگ کر رہے ہوں وہ کرنا چاہیے۔

ڈچ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ اب میں کھلاڑیوں کے ساتھ رہ کر روزے رکھ رہا ہوں، وہ سوچ رہے ہوں گے کہ جو کام میں کر سکتا ہوں تو وہ بھی کر سکتے ہیں حالانکہ وہ سب ان دنوں ٹریننگ کر رہے ہیں، انھیں اس کے مطابق پلان کرنا پڑتا ہے لیکن میں چاہتا تھا کہ جو کھلاڑی کر رہے ہیں اس کا تجربہ کروں اور مجھے یہ تجربہ اچھا لگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں