میک ڈونلڈ، پیپسی اور کوکاکولا نے بھی روس میں اپنا کاروبار بند کردیا

روس کے یوکرین پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بعد اب فاسٹ فوڈ چین کمپنیوں نے بھی روس میں اپنا کاروبار  بند کرنے کا اعلان کردیا۔

روس کے یوکرین پر حملے کے بعد جہاں روس کو متعدد پابندیوں کے سامنا ہے وہیں مشہور برانڈز بھی روس میں کاروبار معطل کر رہے ہیں۔ مشہور فاسٹ فوڈ برانڈ میکڈونلڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس میں اپنے847 ریسٹورنٹ بند کر رہا ہے۔

میکڈونلڈ کی جانب سے اس سےپہلے کہا گیا تھا کہ وہ روس میں کاروبار بند نہیں کرے گی۔ تاہم نئے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عارضی طور پر کاروبار بند کیا جا رہا ہے لیکن ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ  میکڈونلڈ کو  نو فیصد ریونیو اور تین فیصد منافع روس سے حاصل ہوتا ہے۔

دوسری جانب مشروبات بنانے والی دنیا کی دو بڑی کمپنیوں پیپسی اور کوکا کولا نے روس میں اپنی کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔  امریکی ملٹی نیشنل کافی ہاوس اسٹار بکس نے بھی  اپنے روس میں کاروبار ختم کردیاہے۔

کولا کولا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے دل ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو یوکرین میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات سے متاثر ہو رہے ہیں۔

پیپسی کو  کی جانب سے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرین میں ہونے والے ہولناک واقعات کو دیکھتے ہوئے ہم پیپسی کولا کی مصنوعات کی روس میں فروخت معطل کر رہے ہیں اور ان میں سیون اپ اور مرنڈا بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل ایپل، گوگل ، نیٹ فلکس اور ویزا سمیت کئی بین الاقوامی کمپنیاں روس میں اپنا کاروبار بند کرنے کا اعلان  کرچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں