انگلینڈ نے سیریز کے آخری میچ میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ یوں یہ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔
ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 416 رنز بنائے۔
اس اننگز میں بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام دکھائی دیا، جس کے نتیجے میں 100 رنز سے پہلے ہی بھارت کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی تاہم رشبھ پنت اور رویندر جادیجا 221 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
پنت نے 146 اور جادیجا نے 104 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اس اننگز کے اختتامی لمحات کی خاص بات جسپریت بمراہ کا ورلڈ ریکارڈ تھا۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ کے بیٹرز کا حال بھی بھارتی بلے بازوں جیسا ہی ہوا جہاں صرف جانی بیئرسٹو کی سنچری کی بدولت انگلش ٹیم خسارہ کچھ حد تک کم کرنے میں کامیاب ہوئی۔
بیئرسٹو نے 106 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیم بلنگز 36 رنز کے ساتھ دوسرے کامیاب بیٹر رہے۔
بھارتی ٹیم نے 132 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ مہمان ٹیم 245 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 378 رنز کا ہدف ملا۔
اس ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے اپنے تجربے اور ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بھارت کے 15 سال بعد سیریز جیتنے کے خواب کو چکنا چور کردیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے اپنے کیریئر کی 28ویں سنچری بنائی جبکہ جانی بیئرسٹو اس اننگز میں بھی سنچورین ٹھہرے۔
روٹ نے 142 جبکہ بیئرسٹو نے 114 رنز ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 269 رنز کی شراکت بھارت کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔
میچ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے مجموعی طور پر 6 جبکہ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 5 وکٹیں لیں۔
دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے بیئرسٹو کو میچ جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 737 رنز بنانے والے جو روٹ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔