بالی ووڈ کے سینئر اداکار شکتی کپور کے بیٹے سدھانت کپور کی منشیات کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شکتی کپور کے بیٹے اور شردھا کپور کے بڑے بھائی سدھانت کپور کو بنگلور پولیس نے 12 جون کو شہر میں ہونے والی ایک پارٹی میں مبینہ طور پر منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ضمانت ملنے کے ایک دن بعد، سدھانت کپور نے ممبئی اپنے گھر جاتے ہوئے دورانِ پرواز لی گئی سیلفی شیئر کی۔
سیلفی میں سدھانت کپور کے ساتھ اُن کی دوست بھی موجود ہیں اور دونوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہنا ہوا ہے۔
سدھانت کپور نے سیلفی کے کیپشن میں دل اور ہاتھ جوڑنے والا ایموجی شامل کیا۔
واضح رہے کہ شکتی کپور کے بیٹے سدھانت کپور کو اتوار کی رات بنگلور کے پارک ہوٹل میں منعقدہ ایک پارٹی میں ڈی جے کے طور پر مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ یہ واضح نہیں تھا کہ آیا انہوں نے ہوٹل میں منشیات لی تھی یا باہر منشیات لے کر پارٹی میں آئے تھے۔
گزشتہ روز سدھانت کپور سمیت دیگر چار گرفتار ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر بھیما شنکر گلڈ نے بتایا تھا کہ سدھانت کپور سمیت دیگر چار ملزمان کو پولیس کے سامنے مزید پیش ہونا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سدھانت کپور کی میڈیکل رپورٹ مثبت آنے پر انہیں گرفتار کیا گیا اور قانونی کارروائی کے مطابق انہیں جوڈیشل تحویل میں لیا جاسکتا ہے۔