برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔
پاکستان کے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ملک کے لیے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
گوجرانوالا سے تعلق رکھنے والے نوح دستگیر نے 109 پلس کلو گرام کیٹگری میں طلائی تمغہ اپنے سینے پر سجایا۔
نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلوگرام وزن اٹھا کر گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے سلور میڈل جبکہ بھارت کے گردیپ سنگھ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد دی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ویلڈن بٹ صاحب۔
Well done, Butt saab. https://t.co/C87hZIO8q9
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 3, 2022
دوسری جانب جوڈو کے ایونٹ میں مائنس 90 کلو گرام کیٹگری کے میچ میں شاہ حسین شاہ نے جنوبی افریقا کے ایتھلیٹ کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا۔
شاہ حسین شاہ نے دوسری مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتا ہے، انہوں نے 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
نوجوان جوڈوکا اولمپک میڈلسٹ باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں، شاہ حسین شاہ نے پہلی مرتبہ 90 کے جی باؤٹ میں شرکت کی۔
کامن ویلتھ گیمز کے میڈلز ٹیبل پر اب پاکستان کا 19واں نمبر ہے اور اس کے میڈلز کی تعداد 2 ہے جن میں ایک گولڈ اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔