یہ ایک کار ہے، کٹ ہے، سائنسی تجربات کی زنبیل ہے ، اس میں ریاضی اور انجینیئرنگ بھی شامل ہے لیکن اس جادوئی کار کو بطورِ خاص 6 سے 12 برس کی بچیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
میجک کیوری اسٹیم کٹ بچوں میں کوڈنگ اور سائنسی تصورات اجاگر کرنے والی ایک غیرمعمولی ایجاد ہے جسے برسوں کی محنت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں بچوں کے لیے ایسے بلاک بھی شامل کئے گئے ہیں جو انہیں پروگرامنگ اور کوڈنگ سکھاتے ہیں۔
ساتھ میں بچے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) یا اے آئی کے بنیادی تصورات بھی سیکھ سکتے ہیں۔ یوں اس ایجاد کو جدید علوم کی بہترین کٹ تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کا خوبصورت ڈیزائن بچیوں کو متاثر کرتا ہے اور وہ خود آگے بڑھ کر اپنے تجربات انجام دے سکتی ہیں۔
یہ مکمل طور پر ماحول دوست اجزا سے بنائی گئی ہے اور معمولی رہنمائی سے بچے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یعنی ایک شے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹ اور میتھ (ریاضی) سے آگہی فراہم کرتی ہے۔ انسانی تاریخ میں خواتین نے سائنس اور ریاضی میں قابلِ قدر خدمات انجامی دی ہیں۔ ان میں میری کیوری جیسی سائنسداں بھی شامل ہیں اور اسی مناسبت سےکٹ کا نام میجک کیوری رکھا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ایک ایپ لانچ کی گئی ہے جو مرحلہ وار بتاتی ہے کہ اس سے کیسے استفادہ کرنا ہے۔ ایک کار سے لاتعداد سرگرمیاں اور تجربات انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ کار کے اجزا کسی لے گو یا جگساپزل کی طرح جڑتے ہیں اور کارآمد تدریسی ماڈل میں ڈھل جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ اسکریچ جونیئر کارڈ کوڈنگ کے بنیادی اسباق بیان کرتا ہے۔ پروگرامنگ لینگویج کو بچوں کی عمر کے لحاظ سے مرتب کیا گیا ہے۔ وہ معمولی رہنمائی سے کوڈنگ کے بنیادی امور کے ماہر بن سکتے ہیں۔ پھر کوڈنگ کا اطلاقات خود میجک کیوری کٹ پر ہوتا ہے۔ یوں بچے اپنے کوڈ کا استعمال دیکھ سکتےہیں۔