آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ کے بغیر پاکستان آنے کا امکان ہے، بھارت سے تعلق رکھنے والے کوچ سری دھرن سریرام ٹیم کے ہمراہ پاکستان نہیں آئیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کےمطابق آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو دورۂ پاکستان میں اسپیشلسٹ اسپن بولنگ کوچ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری سے بات جیت جاری ہے، وقت کی کمی کی وجہ سے ممکن نہیں کہ معاملات طے پا سکیں۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔