آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ بریانی کے دیوانے ہو گئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم کی اننگز بے مثال تھی۔بابر اعظم نے 400گیندیں کھیل کر ہمیں جیت سے محروم کردیا ۔ہماری ٹیم نے فائٹ کی مگر 10 وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ہم دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں تھے، مگر پاکستان نے بیٹنگ اچھی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ سیریز اب تک بہترین ماحول اور اچھی ا سپرٹ کیساتھ کھیلی جارہی ہے۔لاہور میں باؤنسی وکٹ کی بجائے پہلے 2ٹیسٹ میچز والی پچ کی توقع کررہے ہیں۔قذافی اسٹیڈیم کی وکٹ دیکھ کر تیسرے میچ کیلئے بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے۔
پاکستان کے دورے پر موجود آسٹریلو کرکٹر اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر اردو تو نہیں سیکھ سکا لیکن بریانی کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے سمیت کئی آسٹریلوی کرکٹرز اپنے کمروں میں بھی بریانی منگوا کر کھاتے رہے ہیں۔
اس سے پہلے ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آسٹریلوی کھلاڑی اور ٹیسٹ اسکواڈ کے نائب کپتان اسٹیو اسمتھ پاکستانی کھاںوں کی ایک ویڈیو شیئر کر چکے ہیں۔ جس میں انہوں نے اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں باربی کیو بنتے ہوئے دکھایا تھا۔
اس سے قبل آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہماری آمد کے بعد سے پاکستان کی مہمان نوازی ناقابل یقین رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پاکستانی باربی کیو کافی پسند ہے جبکہ انہوں نے ڈنر میں باربی کیو کے ٹیسٹ سے خوب لطف اٹھایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان میں ہمیں ہر قسم کے باربی کیو کے ساتھ ڈنر پیش کیا گیا جو واقعتاً بہت لذید اور ذائقہ دار تھا۔