ایشیا ہاکی کپ میں جاپان نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی۔
انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ میں سنسنی خیز میچ میں جاپان نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا،کھیل کے 14 ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے ریوما اوکا نے گول کیا اور 15 ویں منٹ میں ہی اکیومی سیگی نے گول کردیا۔
دوسرے کوارٹر کے 23 ویں منٹ میں پاکستان کے اعجاز احمد نے گول اسکور کیا،27 ویں منٹ میں تاکوما نیوا نے ایک اور گول اسکور کرکے جاپان کو 1-3 برتری دلوادی۔
30 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے مبشر علی نے پینلٹی کارنر پر گول اسکور کیا، اس کے بعد پاکستان نے ایک اور گول اسکور کیا تاہم 12کھلاڑی فیلڈ میں ہونے کی وجہ سے پاکستان کا تیسرا گول منسوخ کردیا گیا۔
امپائر نے فیصلہ دیا کہ گول کرتے وقت پاکستان کے 12کھلاڑی میدان میں تھے، 12 کھلاڑی میدان میں ہونے پر پاکستانی کپتان عمر کو یلو کارڈ دکھا کر 5 منٹ کے لیے باہر کردیا گیا۔
خیال رہے کہ ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کے سپر فور میں کوالیفائی کرنے کا انحصار بھارت اور انڈونیشیا کے میچ پر ہے، جس میں بھارت کو بھاری مارجن سے میچ جیتنا ہوگا۔