وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سال رواں میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات عرب اور یورپین ممالک میں بڑھ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فروری 2022 میں ترکی، متحدہ عرب امارات، اٹلی، اسپین اور جرمنی سمیت امریکا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں خوش کن اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔برطانیہ، چین، بنگلہ دیش اور پولینڈ کے لیے بھی پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھ گئی ہیں۔
وفاقی مشیر تجارت رزاق داؤد اپنے ایک ٹوئیٹ پیغام میں بتایا کہ ترکی کو ایک سال میں پاکستانی برآمدات میں 157 فیصد کا اضافہ جبکہ متحدہ عرب امارات کو 118 فیصد اور اٹلی کو 102 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں مالی سال فروری میں گزشتہ سال فروری کی نسبت اسپین کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 90 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جرمنی کو 60 فیصد، امریکا کو 25 فیصد اور بنگلہ دیش کو برآمدات میں 62 فیصد اضافہ ہوا جبکہ برطانیہ کے لیے 27 فیصد، چین کے لیے 17 فیصد اور نیدرلینڈز کے لیے برآمدات میں 94 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزاء ہے۔ کورونا سے متاثرہ معیشت کے لیے مذکورہ بالا اعداد نہایت خوش کن ہیں۔