اگر موبائل فون پر کسی گیم کو کھیلتے ہوئے خیال آتا ہے کہ کی بورڈ اور ماؤس کے ساتھ زیادہ مزہ آتا تو اب ایسا ممکن ہوگیا ہے۔
گوگل نے چند ممالک میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ونڈوز کمپیوٹر پر موبائل گیمز کھیلنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ امریکا، کینیڈا، میکسیکو، فلپائن، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا اور برازیل میں رہنے والے افراد مخصوص اینڈرائیڈ گیمز کو کمپیوٹر پر کھیل سکتے ہیں۔
اس فیچر کی آزمائش ہانگ کانگ اور کوریا میں شروع ہوئی تھی اور اب اسے توسیع دی جارہی ہے۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے مگر ان ممالک میں رہنے والے تمام افراد اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
بس چند شرائط کا خیال رکھنا ہوگا جیسے کمپیوٹر میں ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم، 8 جی بی ریم اور 10 جی بی اسٹوریج ضروری ہوگی۔
گوگل پلے گیمز ویب سائٹ میں ‘گیٹ بیٹا’ کے بٹن پر کلک کرکے اسے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا جس کے بعد کمپیوٹر پر مختلف موبائل گیمز تک رسائی ممکن ہوجائے گی۔
ان گیمز کو کی بورڈ اور ماؤس سے کھیلنا ممکن ہوگا۔