آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ولیم ہرٹ71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ولیم کے بیٹے نے اپنے والد کے انتقال کی خبر دی ہے۔
ولیم ہرٹ کو مئی 2018 میں ٹرمینل پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی لیکن ان کے بیٹے کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اداکار کی موت کی وجہ یہ بیماری ہے یا کچھ اور۔
خیال رہے کہ ولیم ہرٹ دی بگ چِل اور اے ہسٹری آف وائلنس جیسی سُپر ہٹ فلموں کے لئے مشہور ہیں۔
انہوں نے 1985 میں کِس آف دی اسپائیڈر وومن میں ہم جنس پرست قیدی کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔
امریکی اداکار کو چلڈرن آف آ لیزر گاڈ (1986) میں بہرے طلباء کے استاد کے طور پر اور براڈکاسٹ نیوز (1987) میں ایک دھیمے مزاج ٹیلی ویژن اینکر مین کے طور پر آسکر کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔