برطانیہ کے چڑیا گھر میں پہلی بار افریقی جانور ’آرڈوارک‘ کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے ہیسٹر چڑیا گھر نے اپنے خاندان میں ایک نایاب بچے کا خیرمقدم کیا ہے جس کا نام ’ڈوبی‘ رکھا ہے۔ ڈوبی ایک مادہ ’آرڈوارک‘ ہے جو 4 جنوری کو پیدا ہوئی تھی۔
اس بچے کی پیدائش بڑے خستہ حال کانوں، بغیر بالوں والی جھریوں والی جلد اور دیوہیکل پنجوں کے ساتھ ہوئی ہے، فی الحال چڑیا گھر کے مالکان اس بچے کی اچھے سے دیکھ بھال کررہے ہیں۔
چیسٹر زو کے سوشل میڈیا پروفائلز نے ڈوبی کی پیدائش سے متعلق پوسٹس شیئر کیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے عالمی شہرت یافتہ سیریز ’ہیری پوٹر‘ کے ’ایلف‘ سے غیر معمولی مشابہت کی وجہ سے نوزائیدہ ’آرڈوارک‘ کو ’ڈوبی‘ کا نام دیا ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ’ڈوبی کو رات بھر ہر چند گھنٹے بعد گرم دودھ پلایا جاتا ہے جبکہ دن بھر اُسے اُس کی ماں کے ساتھ رکھا جاتا ہے۔‘
انتظامیہ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ’یہاں چڑیا گھر میں ہر کوئی ڈوبی کی آمد سے بہت خوش ہے۔‘
واضح رہے کہ ڈوبی مبینہ طور پر چیسٹر چڑیا گھر میں 90 سالوں میں پیدا ہونے والا پہلا ’آرڈوارک‘ ہے۔
’آرڈوارک‘عام طور پر سب صحارا افریقا میں پایا جانے والا ایک شرمیلا جانور ہے۔ دن میں یہ خود کو دنیا کی نظروں سے چھپا کر رکھتا اور رات کو خوراک کی تلاش میں نکلتا ہے۔
اس کی غذا چیونٹیاں ہیں۔ یہ اپنی لمبی تھوتھنی سے زمین کو سونگتا ہوا چلتا ہے اور جہاں اسے چیونٹیوں کا بل مل جائے اسے یہ اپنے نوکیلے پنجوں سے کھود ڈالتا ہے اور چیونٹیوں کو چٹ کر جاتا ہے۔
اس کو چیونٹیاں کھانے والا افریقی ریچھ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی لمبائی عموماً 4 سے 5 فٹ اور وزن 60 تا 80 کلو گرام تک ہوتا ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کے گوشت کے لیے بھی ان کا شکار کیا جاتا ہے۔