فوٹو شاپ تک زیادہ افراد کی رسائی کے لیے ایڈوبی نے اپنے مقبول فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کا ویب ورژن متعارف کرایا ہے جسے مفت استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس مفت ویب سروس کو سب سے پہلے کینیڈا میں متعارف کرایا گیا ہے جسے بتدریج دنیا کے مختلف حصوں میں بھی صارفین استعمال کرسکیں گے۔
کمپنی کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ فوٹو شاپ کا مفت ویب ورژن تیار کیا گیا ہے جس میں سافٹ ویئر کے تمام ایڈیٹنگ فیچرز دستیاب ہوں گے۔
مگر ترجمان نے وضاحت کی کہ مستقبل قریب میں کچھ فیچرز کو استعمال کرنے کے لیے پیڈ سبسکرائپشن کی ضرورت ہوسکتی ہے۔
فوٹو شاپ کے اس ویب ورژن میں وہ تمام ٹولز مفت دستیاب ہوں گے جو بنیادی کام کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
یہ ایڈوبی کے فوٹو شاپ کے سابقہ ویب ورژن کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے جس میں ایڈیٹنگ کرنے کے لیے زیادہ ٹولز دستیاب نہیں تھے جبکہ اسے استعمال کرنے کے لیے سروس سبسکرائب کرنی پڑتی ہے۔
اب مفت ویب ورژن کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ایک ایڈوبی اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت ہوگی جو مفت ہی ہوگا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ کینیڈا سے باہر دیگر ممالک میں فوٹو شاپ کا مفت ویب ورژن کب تک دستیاب ہوگا۔
مگر کمپنی کا کہنا تھا کہ اس ویب ورژن کو مزید ٹولز سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا جبکہ اس کے لیے موبائل سپورٹ کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تصاویر کی ایڈیٹنگ کے لیے فوٹو شاپ کا استعمال دنیا بھر میں ہوتا ہے مگر اس کی ماہانہ لائسنس فیس کے باعث بیشتر افراد اس سافٹ ویئر کو استعمال نہیں کرپاتے یا پائریٹڈ کاپیز استعمال ہوتی ہیں۔
اس کے مقابلے میں دیگر فوٹو ایڈیٹنگ سروسز کی جانب سے بنیادی ٹولز صارفین کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔