انگلینڈ اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں شیڈول سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ کووڈ-19 کے خطرے کے پیش نظر منسوخ کردیا گیا ہے۔
اس بات کا فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے بھارتی کیمپ میں کچھ آفیشلز کے کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے متفقہ طور پر کیا ہے اور دونوں ملکوں کے بورڈز بعد میں کسی اور تاریخ پر میچ کھیلنے کے لیے پرامید ہیں۔
اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا کہ بوڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) اور انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن بھارتی کیمپ میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کے پیش نظر وہ مانچسٹر ٹیسٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہو گئے۔
Update: The BCCI and ECB held several rounds of discussion to find a way to play the match, however, the outbreak of Covid-19 in the Indian team contingent forced the decision of calling off the Old Trafford Test.
Details: https://t.co/5EiVOPPOBB
— BCCI (@BCCI) September 10, 2021
بیان میں کہا گیا کہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے انگلش بورڈ کو اس منسوخ شدہ ٹیسٹ میچ کو دوبارہ شیڈول کر کے بعد میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے اور دونوں بورڈ اس میچ کے لیے مناسب وقت ڈھونڈنے پر کام کریں گے۔
اب دیکھنا ہو گا کہ دونوں بورڈز کس طرح سے ایک ٹیسٹ میچ کے لیے اپنے مشکل شیڈول میں جگہ بناتے ہیں البتہ یہ اگلے سال ضرور ممکن ہے جب انگلینڈ کی ٹیم ون ڈے سیریز کھیلنے انگلش سرزمین کا دورہ کرے گی۔
میچ کی منسوخی کا فیصلہ ٹاس سے محض چند گھنٹے قبل کیا گیا جس کی وجہ سے میچ دیکھنے کے لیے پرجوش شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی ٹیم کے کیمپ میں کووڈ-19 کے کیسز میں مزید اضافے کے خطرے کے پیش نظر بھارتی ٹیم میچ کے لیے ٹیم میدان میں اتارنے سے قاصر ہے، ہم اس خبر پر اپنے شائقین اور پارٹنرز سے بہت معذرت خواہ ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ انہیں اس سے شدید مایوسی اور پریشانی ہوئی ہو گی۔
Following ongoing conversations with the BCCI, the ECB can confirm that the fifth LV= Insurance Test at Emirates Old Trafford, due to start today, will be cancelled.
— England Cricket (@englandcricket) September 10, 2021
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ یوگیش پرمار کا بدھ کو کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا البتہ جمعرات کو پوری بھارتی ٹیم کا ٹیسٹ منفی آیا۔
ٹیم کے تمام اراکین کا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود بھارتی ٹیم مینجمنٹ اور بی سی سی آئی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ایک سے زیادہ کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کھیلنے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
یہ مانا جا رہا ہے کہ بورڈ اور کھلاڑیوں دونوں کو خطرہ تھا کہ ٹیسٹ کے دوسرے راؤنڈ میں ایک سے زیادہ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آ سکتے ہیں جس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے میزبان کرکٹ بورڈ کو پیغام بھیجا کہ 10 سے 14 ستمبر تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے وہ ٹیم میدان میں اتارنے سے قاصر ہیں۔