اردن میں گدھی کے دودھ سے بنائی جانے والی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ گدھی کے دودھ سے بنائے گئے صابن اور اس کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب ممالک کے سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے پھیل رہی ہے کہ گدھی کے دودھ سے بنی مصنوعات مضر کیمیائی اجزاء سے پاک ہوتی ہیں لہٰذا یہ صحت اور جِلد سے جڑے مسائل کے حل کے لیے جادوئی اثر رکھتی ہیں۔
اسی خبر کے پیش نظر اب اردن میں گدھی کے دودھ سے بنی مصنوعات خصوصاً صابن کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی قیمت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب اردن سے تعلق رکھنے والے ایک غذائی ماہر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ’گدھی کے دودھ سے بنایا گیا صابن جِلد کی نمی برقرار اور متوازن رکھتا ہے۔
گدھی کے دودھ میں پروٹین، میگنیشیم، کوپر، سوڈیم، زنک، کیلشیم اور آئرن بھی پایا جاتا ہے، یہ تمام اجزاء جِلد کو کیل مہاسوں سے پاک رکھتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی اِن خبروں کے سبب اردن میں اب گدھی کے دودھ کی قلت اور اس سے بنی مصنوعات مہنگی ہو گئی ہیں۔