بیجنگ: عالمی سطح پر کرونا کے بڑھتے وار کے باعث ایشین یوتھ گیمز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
چینی اولمپک کمیٹی(سی او سی) نے اعلان کیا کہ نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ایشین یوتھ گیمز 2021کو دسمبر 2022تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
چینی اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تیسری ایشین یوتھ گیمز کا انعقاد 20 سے 28 نومبر 2021 تک چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے شانتو میں کیا جانا تھا، شانتو کو 2019 میں تیسری ایشیائی یوتھ گیمز کی میزبانی کرنے کا حق ملا تھا۔
نئے شیڈول کے مطابق اب یہ گیمز 20 سے 28 دسمبر 2022 کو منعقد ہوں گی۔
اولمپکس کونسل آف ایشیا نے مزید کہا کہ ایشین یوتھ گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام متعلقہ قومی اولمپک کمیٹیوں کے مشترکہ مفادات، کھلاڑیوں اور تمام شرکاء کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔