سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی فہرست سے باہر ہو گئی۔
پیر کو آف اسپنر مہیش تھیکشنا کی شاندار بولنگ کی وجہ سے سری لنکا نے تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر تین میچوں کی سیریز جیت لی۔
اس جیت کے ساتھ سری لنکن ٹیم 19ماہ میں پہلی مرتبہ ایک روزہ بین الاقوامی سیریز جیتے میں کامیاب ہوئی اور اسے ون ڈے سپر لیگ میں 10 اہم پوائنٹس حاصل ہوئے جس سے وہ پانچویں نمبر پر چلی گئی۔
اس ناکامی کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم 2023 ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹاپ 8 ٹیموں سے نیچے چلی گئی یعنی جنوبی افریقا نے اب تک 9 میں سے صرف تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ سپر لیگ ٹیبل پر نویں نمبر پر موجود ہے جب کہ سری لنکا بھی2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے سے محروم رہنے کے خطرے میں ہے کیونکہ اس نے نئی سپر لیگ میں اپنے 15 میں سے صرف چار میچ جیتے ہیں۔
پچھلے سال جولائی میں شروع ہونے والی نئی ون ڈے سپر لیگ میں دنیا کی ٹاپ 13 ٹیمیں تین سال کے دوران آٹھ تین ایک روزہ میچوں کی دو طرفہ سیریز کھیلیں گی جس کے بعد ٹاپ 7 ٹیموں کے ساتھ ایونٹ کا میزبان بھارت 2023 ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ نیچے کی پانچ ٹیمیں جن میں کچھ ٹیسٹ کھیلنے والی بڑی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، 2023 میں سیکنڈری کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنے پر مجبور ہوں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ اس کوالیفائر ٹورنامنٹ کے نتائج کسی بڑی ٹیم کو ایک روزہ کرکٹ کے دوسرے درجے میں بھی پہنچا سکتے ہیں جس کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ ٹیم اگلی سپر لیگ سے بھی باہر ہو جائے گی۔