دبئی میں آیندہ ماہ سے منعقد ہونے والی عالمی نمائش 2020 کے دروازے دنیا پر کھلنے سے پہلے اس امارت میں واقع ہوٹل سیاحت سے کمائی کے ایک بمپرسیزن کے لیے تیار ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نمائش کے منتظمین نے بتایاکہ چھے ماہ کے دوران میں ڈھائی کروڑسیاحوں کی دبئی میں آمد کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔دبئی کے ہوٹل مالکان کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی مہمانوں کی آمد سے مہمان نوازی کے شعبے کوفروغ ملے گا۔دبئی نمائش گاہ کے قریب واقع ہوٹلوں میں سے ایک ریڈیسن دبئی دماک ہلز کے جنرل منیجرسدھارتھ ستناتھن نے بتایا کہ ایکسپو کی الٹی گنتی کے ساتھ ان کے ہاں بکنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہمارے پاس زبانی طورپر دنیا بھر سے بڑے گروپوں کی جانب سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور بکنگ بھی جاری ہے۔امید ہے،موجودہ سفری پابندیاں کم ہوں گی تو ہمارے پاس نمائش میں شرکت کرنے والے وفود کی جانب سے پوچھ تاچھ تو ہوگی،ساتھ ہی بہت سے سیاح کمرے بک کرنے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر سے پویلین اور وفود اپنی آمد کے بعد دبئی اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کردہ مختلف ترغیبات کو ملاحظہ کریں گے اوران کا تجربہ کریں گے۔وہ خوب صورت موسم میں تمام نظاروں سے لطف اندوزہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نمائش 2020 سے یو اے ای میں مہمان نوازی کے شعبے میں آمدنی بڑھانے میں مدد ملےگی۔کووِڈ19کی وبا کے عروج کے دوران میں یہ شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہوٹل مالکان خود کو خوش قسمت سمجھ سکتے ہیں کیونکہ اماراتی حکومت اور محکمہ سیاحت و تجارتی مارکیٹنگ(ڈی ٹی سی ایم)نے اس وبا سے نمٹنے میں صنعت کی بہت مددومعاونت کی ہے۔
اب کھانے پینے کے کاروباروں میں تیزی آرہی ہے، خاص طور پر ریستورانوں میں مہمانوں کی تعداد پر پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔سدھارتھ ستناتھن کے بہ قول بہت سے بین الاقوامی سیاح ایکسپو کو دیکھنے آئیں گے۔ان سے ہوٹل آباد ہوں گے اور انھیں کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے مالی خسارے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔