سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے طلبا کی تعلیم کے حوالے سے ایک انقلابی اقدام کے طورپر نئے تعلیمی سال برائے 1443 ھ کے دوران الیکٹرانک کورسز فراہم کیے ہیں۔ جنرل لائن کے طلبا کے لیے تیار کردہ یہ ای کورسز مائی اسکول پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں جہاں سے طلبا انہیں حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ کورسز آن لائن قومی تعلیمی مرکز سے قومی تعلیمی معیار کے مطابق تیار کیے گئے ہیں اور قومی مرکز کی طرف سے تعامل، توازن، رسائی کو ممکن بنانے، پیمائش اور کورس کی جانچ کے مطابق انہیں ڈیزائن کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے بتایاکہ الیکٹرانک کورسز میں اس سال پہلی بار بعض نئے مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ ان مضامین میں زندگی اور خاندان کی مہارتیں، تنقیدی سوچ، انگریزی زبان، جسمانی تعلیم اور دفاع نفس، ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کی مہارتوں کے کورسز شامل ہیں۔ای کورسز کا مقصد ای لرننگ کے معیار کو سپورٹ اور کنٹرول کرنا ، سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانا ، بینچ مارکنگ کو قابل بنانا اور ایک سے زیادہ میڈیا کی فراہمی کے ذریعے سیکھنے کی حوصلہ افزائی کوفروغ دینا ہے۔
اس کے علاوہ ایک معیاری اور لچکدار تعلیمی تجربہ فراہم کرنا تاکہ تعلیم تک مساوی رسائی کو ممکن بنایا جاسکے۔تعلیم کے حصول کے لیے مختلف آپریشنل ماڈلز کو استعمال کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔ یہ طریقہ تعلیم اسکول اور اساتذہ کو ای لرننگ کے شعبے کو عملی شکل دینے میں مدد گار ہوگا اور عالمی سطح پر اختیار کردہ تدریسی طریقوں کو استعمال کرنے اور اس کے تسلسل کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔الیکٹرانک کورسز میں بہت سے انٹرایکٹو تعلیمی عناصر شامل ہیں۔
ان میں مختصر اور دلچسپ تعلیمی ویڈیوز، انٹرایکٹو سرگرمیاں، انفوگرافکس اور موشن گرافکس، اسائنمنٹس اور اسباق کے خلاصے جو دلچسپی سے طالب علم کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں شامل ہیں۔الیکٹرانک کورسز کو اساتذہ اور طالب علم کے تعلیمی عمل کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کو مخلوط اور آپریشنل ماڈل میں معیاری کورس کے طورپر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔