بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی بیوہ سائرہ بانو کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) سے منتقل کردیا گیا ہے اور امکان ہے کہ انہیں جلد ہی اسپتال سے فارغ کردیا جائے۔
ممبئی کے ہندوجا اسپتال کے مطابق 77 سالہ سائرہ بانو کو اتوار کی سہ پہر آئی سی یو سے شفٹ کردیا گیا ہے۔
ایک بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپتال کا کہنا ہے کہ وہ اب کافی متحرک اور بہتر ہیں اور امکان یہی ہے کہ اگر انہیں مزید کوئی مسئلہ درپیش نہ ہوا تو ایک یا دو روز میں گھر جانے کی اجازت دیدی جائے گی۔
واضح رہے کہ سائرہ بانو کو 28 اگست کو سانس لینے میں تکلیف، بلند فشار خون (بلڈ پریشر) اور ذیا بیطس کے بڑھ جانے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
سائرہ بانو کے شوہر، لیجنڈری بالی ووڈ اداکار اور اپنے زمانے کے مشہور و معروف فلمی ہیرو دلیپ کمار کا 7 جولائی 2021 کو طویل علالت کے بعد ممبئی میں 98 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد سے سائرہ بانو کی طبعیت نا ساز رہنے لگی ہے۔