امریکا میں طوفان آئیڈا کی تباہ کاریاں، موسلا دھار بارشوں سے 14 افراد ہلاک

امریکا میں طوفان آئیڈا کے باعث ہونے والی ریکارڈ توڑ بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکا کی کئی ریاستیں طوفان آئیڈا کی زد میں ہیں، طوفان کے باعث ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے سب سے بڑے امریکی شہر نیویارک میں تباہی پھیلادی ہے۔

شدید بارش کےسبب سڑکیں پانی سے بھرگئی ہیں اور نیویارک کی تقریباً تمام زیرزمین چلنے والی ٹرینیں معطل ہیں جب کہ درجنوں پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔


نیویارک میں محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہےکہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نیویارک میں بارشوں کے باعث کل 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 8 افراد گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھر جانے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔


دیگر امریکی ریاستوں نیو جرسی اور پنسلوانیا میں بھی بارش نے شدید تباہی پھیلائی ہے اور نیوجرسی میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ریاستی گورنرز کی جانب سے تینوں ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تینوں متاثرہ ریاستوں میں بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے اور تقریباً ایک لاکھ گھروں کی بجلی ابھی تک بحال نہیں ہوسکی،کئی مقامات پر درخت گرنے اور مواصلاتی نظام میں خلل آنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں