دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنی شیاؤمی نے (جون 2021 میں) قیام کے بعد اب گاڑیوں کے شعبے میں قدم جمانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے رپورٹس تو کئی ماہ سے سامنے آرہی تھیں اور مارچ 2021 میں شیاؤمی نے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا تھا۔
مگر اب شیاؤمی نے ایک کمپنی کو رجسٹرڈ کرایا ہے جو الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی۔
شیاؤمی کے اس شعبے نے پہلے ہی اس حوالے سے کافی پیشرفت بھی کرلی ہے۔
اس کمپنی کو شیاؤمی ای وی انکارپوریشن کا نام دیا گیا ہے اور اب تک 300 ملازمین بھی اس کا حسہ بنائے جاچکے ہیں۔
درحقیقت اس کمپنی کی سربراہی شیاؤمی کے بانی لائی جون کریں گے۔
شیاؤمی کے مطابق گزشتہ 5 ماہ کے دوران اس کمپنی نے صارفین پر کافی تحقیق کی ہے اور شراکت دار بھی بنائے ہیں لیکن ابھی کوئی الیکٹرک گاڑی یا پروٹوٹائپ ماڈل تیار نہیں کیا۔
حال ہی میں شیاؤمی نے ایک کمپنی ڈیپ موشن کو خریدنے کا اعلان کیا تھا جو خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی پر کام کرنے واللی کمپنی ہے تاکہ اپنے الیکٹرک گاڑیوں کے بزنس میں پیشرفت کی جاسکے۔
چین دنیا کی سب سے بڑی اور توسیع پذیر آٹو مارکیٹ ہے جہاں وبا کے بعد کمپنیوں کو مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔
2020 میں چین میں گاڑیوں کی فروخت 2 فیصد کمی سے ڈھائی کروڑ سے کچھ زیادہ رہی تھی جو عالمی فروخت کے ایک تہائی کے قریب ہے، مگر الیکٹرک گاڑیوں کی مقبولیت میں اضافے کے بعد چین میں مارکیٹ تیزی سے ریکور ہورہی ہے۔