کابل : طالبان نے مرکزی بینک کے سربراہ اور وزیر تعلیم کی تقرری کردی۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل پر طالبان کے کنٹرول کے 9 روز بعد طالبان کی جانب سے مختلف تقرریوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد طالبان نے مرکزی بینک کے سربراہ اور وزیر تعلیم کی تقرری کردی ہے۔
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ طالبان کی جانب سے حاجی محمد ادریس کے نام سے مشہور ملا عبدالقہار کو مرکزی بینک کا قائم مقام گورنر بنایا گیا ہے جب کہ ہیمت اخوندزادہ قائم مقام وزیر تعلیم مقرر کیے گئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق ملا عبدالقہار نے اپنی تقرری کے بعد افغان سینٹرل بینک کے اسٹاف سے تعارفی میٹنگ کی جس میں انہوں نے عملے کو بتدریج کام پر واپس لوٹنے کی ہدایت کی۔
افغان میڈیا نے سینٹرل بینک کے سربراہ کی تعیناتی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بیشتر بینک بند ہونے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور ایسے میں سینٹرل بینک کے سربراہ کی تعیناتی خوش آئند ہے۔ قائم مقام وزیر تعلیم ہیمت اخوندزادہ کی جانب سے بھی ایک میٹنگ بلائی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان لڑکیوں کی تعلیم کے لیے پرعزم ہیں اور شرعی قوانین کی حدود میں رہتے ہوئے تمام کام کیے جائیں گے۔