پاکستان نےٹیسٹ میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 176 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف دیا جبکہ ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ پر 49 رنز بنائے۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز 39 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویسٹ انڈیز پلیئرز پاکستانی باولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان 152 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تباہ کن باولنگ کرتےہوئے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ،محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز کی برتر ی سے شروع کی اورٹیسٹ میچ کو ٹی 20 بنا تے ہوئے اسکورز 176 تک پہنچا دیا اور 6 کھلاڑی آوٹ ہوئے،پاکستان کی دوسرے اننگز میں اوپنر عمران بٹ نے37 ، عابد علی 29 ، اظہر علی 22،کپتان بابر اعظم 33،حسن علی 17 اور فہیم اشرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان بابر اعظم نے اننگز 176 پر ڈکلیئر کردی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
329 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز اسکور کرلیے ،میزبان ٹیم کے اوپنر کائل پاویل 23 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان کریگ بریتھ ویٹ 17 اور الزاری جوزف 8 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کو میچ اور سیریز جیتنے کیلئے مزید 280 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کیلئے 9 وکٹوں کی ضرورت ہے۔