جب فلموں میں خطرناک اسٹنٹ خود کرنے کی بات ہو تو جن اداکاروں کا نام ذہن میں آتا ہے، ان میں سے ایک ہولی وڈ اسٹار ٹام کروز بھی ہیں جو اپنی ہر فلم میں جسمانی کرتب دکھانا پسند کرتے ہیں اور جان کو خطرے میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
ہولی وڈ کے اس معروف اداکار ایک بار پھر مشن امپوسبل کے نئے حصے میں واپس لوٹ رہے ہیں، جس کی ریلیز کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہوچکی ہے اور شوٹنگ کو متعدد بار کیسز یا دیگر مشکلات کے باعث روکا گیا۔
مگر ٹام کروز اور ڈائریکٹر مک کیری اس نئی فلم کو ہر ممکن حد تک بہترین بنانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے ایک ٹرین کو ہی تباہ کرا دیا ہے۔
مشن امپوسبل کے نئے حصے کے لیے ٹرین کے انجن کے پہاڑی سے گرنے کا منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرکے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔
فوٹوگرافر جم نے اپنی پوسٹ میں لکھا ‘5 ماہ سے ہم نئی مشن امپوسبل فلم کے اس سین کا انتظار کررہے تھے جس میں ٹرین کو پہاڑی سے نیچے گرایا گیا، ٹام بھی وہاں موجود تھے’۔
https://twitter.com/DRMovieNews1/status/1429515832992862216?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1429515832992862216%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv%2Fnews%2F1166841
اس ٹرین انجن کو کچھ دن پہلے اس گاؤں میں پہنچایا گیا تھا اور اس سین کے لیے فلم کی ٹیم نے خصوصی طور پر ٹریک تیار کروایا تھا۔
گزشتہ سال ناروے میں اس فلم کی شوٹنگ کے دوران مداحوں نے ٹام کروز کو ایک ٹرین کی چھت پر بیٹھے ہوئے دیکھا تھا جو ایک اسٹنٹ کا حصہ تھا۔
ٹام کرور اکثر اپنی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کرچکے ہیں اور کئی مواقعوں پر تو ان کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔
گزشتہ سال ستمبر میں بھی فلم کا ایک اسٹنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں دکھایا گیا کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔
Christopher McQuarrie and Tom Cruise are taking Mission: Impossible 7 to another level pic.twitter.com/eZaa5z8s5Y
— zach (@ZachMacieI) September 7, 2020
مشن امپوسبل 7 کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ علم نہیں مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ اس میں گزشتہ حصے کی کہانی آگے بڑھائی گئی ہے۔
یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز ‘مشن امپوسبل’ کی ساتویں فلم ہے، اس سیریز کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔
اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں ‘مشن امپاسیبل: فال آؤٹ’ کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔
سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔