کابل: حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے اجتناب کرے۔
حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ اور سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار نے بھارت کو انتباہ کیا ہے کہ بھارت کو افغانستان کے مستقبل پر بیانات جاری کرنے کے بجائے اپنے اندرونی معاملات سلجھانے چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے اجتناب کرنا چاہئیے جبکہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کشمیریوں کی جدوجہد کا بدلہ لینے کے لیے افغان سرزمین کو استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
گلبدین حکمت یار نے کہا کہ بعض امن دشمن نہیں چاہتے کہ افغانستان میں مضبوط و مستحکم مرکزی حکومت بنے اور بعض غیر ملکی دشمن ایجنسیاں افغان عوام کو بغاوت پر اکسانے میں مصروف ہیں۔
سربراہ حزب اسلامی گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کو بھی سراہا۔