کراچی میں ہفتہ کو چوتھی سالانہ مالیاتی جرائم کانفرنس کا انعقاد

چوتھی مالیاتی جرائم کانفرنس میں اہم مسائل و حل اجاگر جرائم پیشہ افراد کے مقابلے میں مالیاتی کمیونٹی کیلئے ہمیشہ ایک قدم آگے رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

کراچی، 14 جنوری، 2023۔ کراچی میں ہفتہ کو چوتھی سالانہ مالیاتی جرائم کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کا عنوان ‘پوسٹ ایف اے ٹی ایف فنانشل کرائم ایکشن پلان، قومی انسداد مالیاتی جرائم کے ایجنڈے کا تسلسل’ ہے۔ یہ کانفرنس ڈیل سنز ایسوسی ایٹس کے تحت ڈیل سنز کانفرنسز نے پی ڈبلیو سی نیٹ ورک کی رکن فرم، اے ایف فرگوسن اینڈ کو،نالج پارٹنرز کے ساتھ مل کر منعقد کی۔ اس کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں ریگولیٹری حکام، قانون نافذ کرنے والے اداروں، بینکوں اور مالیاتی اداروں، تعلیمی ماہرین، ذرائع ابلاغ کی نمائندگی کے ساتھ دیگر شعبوں کے افراد شامل تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بطور مہمان خصوصی اس اہم تقریب کو وقار بخشا۔ کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے زور دیا کہ مالیاتی کمیونٹی کیلئے جرائم پیشہ افراد کے مقابلے میں ہمیشہ ایک قدم آگے رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضمن میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر اشتراک اور ڈیٹا تبادلے کے قوانین کی بدولت مستقبل میں ترقی اور پائیداری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ڈیل سنز ایسوسی ایٹس، اسکے چیئرمین ابراہیم امین اور اے ایف فرگوسن اینڈ کو،نالج پارٹنرز کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے بیڑہ اٹھا کر موجودہ دور کے انتہائی اہم موضوع پر تسلسل کے ساتھ کانفرنس کے انعقاد میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس کانفرنس میں صدر مملکت کے خطاب کے بعد لنچ سے قبل سیشن میں اعزازی مہمانان گرامی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق گورنر اور ایچ بی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر سلیم رضا، پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (پی اے ایف ایل اے) کے سیکریٹری جنرل قاضی راحت علی اور پلانیٹ این گروپ کے چیئرمین ندیم حسین نے بھی خطاب کیا۔

اس کانفرنس میں بینکس اور نان بینکنگ اداروں کے سربراہان اور سی ای اوز، بینکوں کے چیف کمپلائنس آفیسرز، اہم ریگولیٹری حکام اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے مختلف موضوعات پر تقاریر، پریذنٹیشنز اور پینل ڈسکشنز میں اظہار خیال کیا۔اس کانفرنس میں اے ایف فرگوسن اینڈ کو،کے پارٹنر کنسلٹنگ سید فراز انوار کی پریذنٹیشن بھی شامل ہے، جسے کمپنی کی جانب سے سال 2022 میں منعقدہ دوسرے مالیاتی جرائم کے سروے نتائج کی بنیاد پر تیار کیا گیا۔

ڈیل سنز کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا، ”یہ کانفرنس وقت کی اہم ضرورت تھی، بالخصوص ایسے وقت میں جب پاکستان حالیہ مہینوں میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکل آیا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور ایک موثر پوسٹ ایف اے ٹی ایف فنانشل کرائم ایکشن پلان فعال ہو، تاکہ پاکستان دوبارہ کبھی گرے لسٹ میں نہ جاسکے۔”

اے ایف فرگوسن اینڈ کو، کے پارٹنر کنسلٹنگ سید فراز انور نے کانفرنس میں واضح کیا، “پاکستان تمام اسٹیک ہولڈرز کی ٹھوس کاوشوں کی وجہ سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل آیا ہے،لیکن مالیاتی جرائم کے خلاف جنگ یہاں ختم نہیں ہوئی۔ اب اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان دوبارہ گرے لسٹ میں نہ چلا جائے جس کے لئے پائیداری کے ساتھ عالمی معیارات اور بہترین طریقوں پر مسلسل عمل پیرا ہونا بہت ضروری ہے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں