ارجنٹائن چھٹی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے کروشیا کو شکست دے کر چھٹی بار میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ارجنٹائن نے سیمی فائنل میں صفر کے مقابلے میں تین گول سے کروشیا کو شکست دی۔ ارجنٹائن کی جانب سے الواریز نے دو اور میسی نے ایک گول کیا۔
ارجنٹائن کو 34ویں منٹ میں ملنے والی پینلٹی کک پر میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔ دوسرا گول الواریز نے کیا۔ الواریز اپنے ہاف سے تنہاگیند کو لے کر چلے اور کروشیا کے جال میں پہنچا کر آئے۔
پہلے ہاف تک میچ دو صفر سے ارجنٹائن کے حق میں تھا۔ دوسرے ہاف میں میسی کے پاس پر الواریز نے تیسرا گول کرتے ہوئے جیت پکی کی۔
ارجنٹائن دو ہزار چودہ کے بعد فٹ بال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ 1978 اور 1986 میں ارجنٹائن ورلڈکپ چیمپئن بھی بنا تھا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2022 کا دوسرا سیمی فائنل فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا جیتنے والی ٹیم اتوار کو فائنل میں ارجنٹائن کے مدمقابل ہو گی۔