آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی اور یوں اسے 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، کپتان جوز بٹلر 73 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
اس کے علاوہ ایلکس ہیلز 52، معین علی 5، لیام لیونگ اسٹون 20، ہیری بروکس 7 اور بین اسٹوکس 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سیم کورن اور ڈیوڈ ملان بالترتیب 6 اور 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ 8 کے مجموعی اسکور پر گری اور کون وے 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ایلن 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان کین ولیمسن اور فلپس نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم ولیمسن 40 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کیوی ٹیم کے فلپس کی 66 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی اور نیوزی لینڈ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 159 رنز بناسکی اور اسے 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلش ٹیم کے کرس ووکس اور سیم کوران نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس شکست کے بعد بھی گروپ اے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اور 4 میچز میں کیویز کے 5 پوائنٹس ہیں جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی 4 ، 4 میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس سے قبل برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور یوں افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔