انگلینڈ نے پہلے کھیل کر نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف دے دیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا ہے۔

برسبین میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، کپتان جوز بٹلر 73 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

اس کے علاوہ ایلکس ہیلز 52، معین علی 5، لیام لیونگ اسٹون 20، ہیری بروکس 7 اور بین اسٹوکس 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سیم کورن اور ڈیوڈ ملان بالترتیب 6 اور 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کو اگر سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنا ہے تو اس میچ میں لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔

ایونٹ میں اب تک نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے 3،3 میچز کھیلے ہیں جس کے بعد کیویز 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہےجب کہ انگلینڈ کے 3 پوائنٹس ہیں۔

دونوں ٹیموں کا ایک ایک میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جس کے بعد ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔

اس سے قبل برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور یوں افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں