آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرا اپ سیٹ ہوا ہے اور اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے اور مقابل ٹیم کو 161 کا ٹارگٹ دیا۔
ویسٹ انڈین ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 118 رنز بنا سکی جب کہ تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، اسکاٹ لینڈ کے اوپنرز کی جانب سے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا گیا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جب کہ کیلم میک لیوڈ نے 23 اور مائیکل جونز نے 20 رنز بنائے۔
گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں آج دوسرا میچ زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔
پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جب کہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔