ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک اپنے مختلف منصوبوں اور بیانات کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔
اب وہ ایپل اور دیگر اسمارٹ فون کمپنیوں کو بھی ٹکر دینے والے ہیں کیونکہ ان کی کمپنی ٹیسلا جلد اپنا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرانے والی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ٹیسلا پائی نامی اسمارٹ فون ٹیسلا کی جانب سے تیار کیا جارہا ہے۔
یہ اسمارٹ فون دسمبر 2022 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گاڑیوں اور خلائی شعبے میں کامیابی کے بعد ایلون مسک کی کمپنی اب اسمارٹ فون مارکیٹ میں بھی قدم جمانے کی خواہشمند ہے۔
ٹیسلا کے اس اسمارٹ فون میں 6.7 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا جو 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہوگا۔
فون کے بیک پر تینوں کیمرے 50، 50 میگا پکسلز کے ہوں گے جبکہ فرنٹ پر 40 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔
یہ فون ایک لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ پاکستانی روپے کا ہوسکتا ہے۔
اس اسمارٹ فون سے پہلے ایلون مسک نے 12 اکتوبر 2022 کو اپنا پہلا پرفیوم برنٹ ہیئر بھی متعارف کرایا تھا۔
ایلون مسک نے اس پرفیوم کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے دنیا کی بہترین خوشبو قرار دیا تھا اور ٹوئٹر میں اپنا تعارف بدل کر پرفیوم سیلز مین کردیا تھا۔
بعد ازاں مختلف ٹوئٹس میں ایلون مسک نے بتایا کہ چند گھنٹوں میں اس پرفیوم کی 20 ہزار بوتلیں فروخت ہوچکی ہیں۔
اسی طرح انہوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کے پرفیوم کو خریدیں تاکہ وہ ٹوئٹر کو خرید سکیں۔