دوسرے ون ڈے میچ میں میزبان نیدرلینڈز نے پاکستان کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا ہے۔
روٹرڈیم میں جاری میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہتر ثابت نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 186 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
میچ میں نیدرلینڈز کا آغاز ہی مایوس کن رہا، نیدرلینڈز کے 3 کھلاڑی صرف 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
ان کے بعد ٹام کوپر نے باس ڈی لیڈا کے ساتھ اسکور 117 تک پہنچایا ، پھر نواز نے اپنا جاود دکھایا، پہلے کوپر کو 66 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا، ان کے بعد کپتان اسکاٹ ایڈورڈز پانچ رنز بناکر نواز کا شکار بنے۔
نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، باس ڈی لیڈا 89 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نواز نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے دو اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ون ڈے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں،نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 21 اگست بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔