سری لنکا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایشیا کپ متحدہ عرب امارات منتقل

ایشین کرکٹ کونسل نے اعلان کیا کہ 27 اگست سے شروع ہونے والا ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بدھ کو اعلان کیا کہ 27 اگست سے شروع ہونے والا ایشیا کپ معاشی بحران کے باعث سری لنکا سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کی یو اے ای منتقلی کے باوجود سری لنکن کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق اپنے پاس رکھے گی۔

ایشین کرکٹ کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے، اے سی سی نے وسیع غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو سری لنکا سے یو اے ای منتقل کرنا مناسب ہوگا۔

اے سی سی کے صدر جے نے کہا کہ ایشیا کپ کی سری لنکا میں میزبانی کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی اور وینیو کو یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کافی غور و خوض کے بعد کیا گیا۔

جے شاہ نے مزید کہا کہ یو اے ای ایشیا کپ کا نیا مقام ہو گا جبکہ سری لنکا میزبانی کے حقوق برقرار رکھے گا.

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سربراہ شمی سلوا نے کہا کہ ہم واقعی ایشیا کپ کے لیے سری لنکا میں اپنے ایشیائی پڑوسیوں کی میزبانی کے منتظر تھے۔

شمی سلوا نے کہا ہم موجودہ سیاق و سباق اور ایونٹ کی وسعت کو دیکھتے ہوئے ایشیا کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے اے سی سی کے فیصلے پر مکمل طور پر ساتھ کھڑے ہیں۔

شمی سلوا کے مطابق سری لنکا کرکٹ اے سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے پاس اب بھی ایشیا کپ کا ایک دلچسپ ایڈیشن ہے.

امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین خالد الزرونی نے ایونٹ کی یو اے ای منتقلی پر کہا کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو متحدہ عرب امارات کو ایشیا کپ کے لیے نیا مقام قرار دینے پر بہت فخر ہے۔

خالد الزرونی کا کہنا تھا کہ ای سی بی ہمہ وقت ساتھی ممبر بورڈز کی مدد کے لیے تیار ہے اور اے سی سی اور سری لنکا کرکٹ کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں