سری لنکا کے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کا آج فیصلہ کُن دن ہے جس میں پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز جب کہ سری لنکا کو فتح کے لیے 7 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔
ٹیسٹ کے آخری روز کے کھیل کا آغاز ہوچکا ہے جہاں کریز پر اوپنر عبداللہ شفیق مضبوط پوزیشن کے ساتھ 112 رنز بناکر موجود ہیں جب کہ ان کا ساتھ محمد رضوان دیں گے جنہوں نے گزشتہ روز 7 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کے ساتھ اننگز آگے بڑھائے گی، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کےلیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس سے قبل کپتان بابراعظم 55، امام الحق 35 اور اظہرعلی 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا نے 2 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا تھا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔
سری لنکا کے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔
پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔