سعودی عرب میں 29اگست سے سکول کھولنے کا اعلان

سعودی عرب میں 29 اگست سے طلبا اسکول آنا شروع ہوجائیں گے جبکہ اساتذہ کی آمد آئندہ اتوار سے ہوگی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر مملکت میں تعلیمی سرگرمیاں معطل تھیں تاہم پھر سے طلبا کی اسکول ودیگر تدریسی مراکز پر حاضری کا سلسلہ شروع ہونے جارہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے قبل یعنی آئندہ اتوار سے اساتذہ تیاری کے لیے اسکول آنا شروع ہو جائیں گے جبکہ طلبا کی آمد 29 اگست سے ہوگی۔

سعودی عرب میں نیا تعلیمی سال اتوار 29 اگست 2021 سے شروع ہوگا، 30 جون 2022 کو تعلیمی سال کے اختتام پرتعطیلات شروع ہو جائیں گی، 12 اور اس سے زائد عمر کے طلبا کی ویکسینیشن ضروری ہے۔سعودی وزارت تعلیم کی ترجمان ابتسام الشہری کا کہنا تھا کہ مڈل اور ثانوی کلاسوں کے 70 فیصد طلبا ویکسین لے چکے ہیں، ایک خوراک لینے والوں کی شرح 45 فیصد اور دو خوراکیں لینے والوں کی شرح 19 فیصد ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں اس سال پہلی بار نیا تعلیمی کیلنڈر نافذ ہوگا جو تین سیشنز پر مشتمل ہے، ہر سیشن 13 ہفتوں کا ہے۔ تین سیشنوں کے درمیان بارہ چھٹیاں ہوں گی۔

تعلیمی سال کی 69 تعطیلات علیحدہ ہوں گی، تعلیمی سال کے 183 دن ہوں گے اور یہ گیارہ ماہ پر محیط ہوں گے۔ طلبا کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں