بھارتی فلم انڈسٹری میں شوبزسیلیبرٹیزکودھمکی آمیزخطوط بھیجے جانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ،سلمان خان کے بعد اگلا نشانہ اداکارہ سوارا بھاسکر بنی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوارا کو ایک گمنام خط موصول ہوا ہے جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق خط ورسووا میں واقع اداکارہ کی رہائش گاہ پر بھیجا گیا تھا،جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا اور نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کرائی۔
اطلاعات کے مطابق یہ خط سواراکی جانب سے بھارت کے آنجہانی سیاستدان ویرسوارکر پرتنقید کیخلاف بھیجا گیا ہے۔
ہندی زبان میں لکھے گئے اس خط میں اداکارہ کو جان سے مارنے کی براہ راست دھمکی کے علاوہ نازیبا الفاظ بھی استعمال کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کے نوجوان ویرسوارکر کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔
سوارا بھاسکرکی جانب سے شکایت کا اندراج کروانے کے بعد ممبئی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی سیاستدان اورمصنف ویرسوارکر نے 1922 میں قید کے دوران ہندو قوم پرست سیاسی نظریہ ہندوتوا کی بنیاد رکھی تھی۔
اس سے قبل اداکارسلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو بھی دھمکی آمیز خط بھیجا گیا تھا۔