اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے بھارت میں اجمیر شریف جانے کے لیے زائرین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اطلاع عام میں کہا گیا کہ خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس میں شرکت کے خواہشمند اپنی درخواستیں 30 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں۔
ہند کے مشہور بزرگ کا سالانہ عرس 3 اور 4 فروری کو اجمیر شریف بھارت میں ہوگا۔
درخواستوں کی قرعہ اندازی یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی اور اس میں صرف ان زائرین کی درخواستیں شامل کی جائیں گی جن کی کووڈ ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔
حالیہ بین الاقوامی انتظامات کے مطابق زائرین کو روانگی سے 48 گھنٹے پہلے کروائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ فراہم کرنی ہوگی۔
وزارت نے زائرین کو آگاہ کیا کہ کووِڈ 19 کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی روشنی میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہے۔
لہٰذا اس سلسلے میں حتمی فیصلہ حکومت پاکستان زیارت کے موقع پر دونوں ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کرے گی۔
زیارت کے خواہشمند افراد وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔