سابق آسٹریلوی کپتان ایف آئی سی اے کی پہلی خاتون صدر مقرر

آسٹریلیا کی سابق کپتان لیزا اسٹالیکر فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (ایف آئی سی اے) کی صدر مقرر ہونے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

بھارت میں پیدا ہونے والی اسٹالیکر پہلی خاتون تھیں جنہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 1,000 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کیں اور وہ چار ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیائی ٹیموں کی اہم رکن تھیں۔

سابق آل راؤنڈر نے اپنا آخری میچ 2013 میں کھیلا تھا اور حالیہ برسوں میں بطور کمنٹیٹر کام کیا ہے۔

ایف آئی سی اے کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیتھ ملز نے ایک بیان میں کہا کہ لیزا واضح طور پر بہترین امیدوار تھیں اور سابق کھلاڑی اور براڈکاسٹر دونوں کے طور پر ان کی اسناد بے مثال ہیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی سی اے1998 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کے اراکین میں دنیا بھرکی کرکٹرز ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔

ایف آئی سی اے کے سابق صدور میں سابق جنوبی افریقن بلے باز بیری رچرڈز، سابق ویسٹ انڈیز آل راؤنڈر جمی ایڈمز اور انگلینڈ کے سابق بلے باز وکرم سولنکی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں