عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر مسجدِ نبویﷺ میں بچوں کے داخلے پر عائد پابندی کو ڈیڑھ سال بعد ختم کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبویﷺ کے انتظامی امور کی ذمہ دار ایجنسی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سعودی حکومت کی جانب سے ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے بچوں کو تقریباً ڈیڑھ سال بعد مسجد میں داخلے اور نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 12 سے 18 سال کی عمر تک کے بچوں کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ کورونا کی دونوں خوراکیں لینے والے بچوں کو عمرہ کی ادائیگی کی بھی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے 30 جون سے 12 سے 18 برس کی عمر کے بچوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا آغاز کیا تھا۔