امیتابھ بچن، شاہ رخ، رنویر سنگھ اور اجے دیوگن کیخلاف مقدمہ درج

بالی ووڈ کے معروف ستاروں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، رنویر سنگھ اور اجے دیوگن کو ‘گٹکا’ اور ‘پان مسالہ’ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا

ان تمام کے خلاف گٹکا اور تمباکو کے استعمال کی ترغیب اور فروغ دینے پرریاست بہار کی عدالت میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفرپورسے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ تمنا ہاشم نے شاہ رخ، امیتابھ، اجے اور رنویر کے خلاف دفعہ 467، 468، 439 اور 120B کے تحت مقدمہ درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معروف فلمی شخصیات اپنی شہرت کا غلط استعمال کررہی ہیں۔

تمنا ہاشمی کے مطابق یہ صرف پیسے کے لالچ میں گٹکا کی تشہیر کے لیے اپنی مقبولیت کا غلط استعمال ہے کیونکہ بالی ووڈ ستاروں کو بچے اور کم عمر لڑکے لڑکیاں بھی فالو کرتے ہیں، ان کے ایسے اشتہاروں میں کام کرنے سے مداحوں کے ذہن پرمنفی اثرات مرتب ہوں گے۔

بہارکی مقامی عدالت نے کیس کو سماعت کے لیے مقررکردیا ہے، معاملے کی پہلی سماعت 27 مئی کو ہوگی۔

حال ہی میں اکشے کمار، شاہ رخ خان اور اجے دیوگن بھارتی گٹکا برانڈ کے اشتہارمیں نظرآئے تھے جس پرسب سے زیادہ اکشے کمارکو تنقید کانشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ اداکارماضی میں اس حوالے سے بیانات دیتے رہے ہیں کہ وہ کبھی نشے کی تشہیرنہیں کریں گے۔ بعد ازاں اکشے نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی تھی۔

اجے دیوگن تمباکو کمپنی کے برانڈ ایمبیسڈر کے طورپرکام کرچکے ہیں، شاہ رخ بھی گزشتہ برس گٹکے کی تشہیر کا حصہ بنے، امیتابھ بچن نے بھی تمباکو برانڈ کے ساتھ بطوربرینڈ ایمبیسڈرمعاہدہ کیا جسے بعد ازاں منسوخ کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ رنویر سنگھ نے بھی گٹکے کی تشہیرکی۔

اکتوبر2021 میں امیتابھ بچن کی جانب سے معاہدہ منسوخی کے باوجود کمپنی نے اشہتار نشرکردیا تھا جس پر امیتابھ بچن نے فوری طور پر اشتہارروکنے کیلئے کمپنی کو قانونی نوٹس بھیجاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں