انگلینڈ کے اہم کھلاڑی پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز سے محروم ہوسکتے ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ ٹیم پاکستان میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس میں انگلینڈ کا اپنے اہم کھلاڑیوں کے بغیر کھیلنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے گذشتہ سال پاکستان سے وائٹ بال سیریز منسوخ کردی تھی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم رواں سال ستمبر 2022 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔
ابتدائی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جانی تھی جسے بڑھا کر 7 میچز پر کردیا گیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد تین ٹیسٹ میچز کھیلنے دوبارہ پاکستان آئے گی۔
انگلینڈ کے وائٹ بال کے ماہرین جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے اختتام کے 72 گھنٹے بعد ہی 15 ستمبر کو پاکستان آئیں گے جس کے فوری بعد انہیں ورلڈ کپ سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مزید تین ٹوئنٹی میچز کے لیے آسٹریلیا جانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برینڈن میک کولم انگلینڈ کے ٹیسٹ کوچ بننے کے لیے مضبوط امیدوار
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے لیے پاکستان سے ہونے والی سیریز سے محروم کیے جانے کا امکان ہے۔
انگلینڈ کے نو منتخب ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے جس پر بورڈ کو نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں میچز کو چھوڑنا نہیں چاہتا اور میں اپنے ملک کے لیے جتنا ہوسکے کھیلنا چاہتا ہوں۔