اکشےکمار نےگٹکے کے اشتہارمیں کام کرنے پرمعافی مانگ لی

حال ہی میں گٹکا برانڈ کے اشتہارمیں بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ، اجے دیوگن اوراکشے ایک ساتھ نظرآئے جس پر بھارتی صارفین نے شدید حیرت کااظہارکیا اورتینوں کو ہی آڑے ہاتھ لیا لیکن سب سے زیادہ شدید ردعمل کا سامنا اکشے کمارکوکرنا پڑا جو نشہ آور اشیاء سے دورہی رہتے ہیں۔

بھارتی ٹوئٹر صارفین نے اکشے کمارکو ان کے ماضی کے بیانات اور فٹنس سے متعلق کی جانے والی گفتگو کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اداکار کو ماضی میں دیا گیا بیان یاد دلایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے متعدد بار گٹکا کمپنیوں نےبھاری معاوضے کے عوض اشتہارمیں کام کرنے کی پیشکش کی مگر میں ایسا نہیں کروں گا کیونکہ میں صحت مند بھارت چاہتا ہوں۔

صارفین نے ٹویٹس میں اکشے کو ان کا وہ جملہ بھی یاددلایا کہ، ‘ایک سگریٹ کے پیسوں سے تم دوزندگیاں خرید سکتے ہو’ اور کہا کہ اب خود تو وہ گٹکے کے اشتہارمیں کام کررہے ہیں۔

کئی صارفین نے اداکارپرواضح کیا کہ وہ ان کے آئیڈیل تھے لیکن منافق نکلے۔

اکشے کمارکے اس اشتہار میں کام کرنے کی پاداش میں بالی ووڈ کو بھی نشانے پررکھاگیا، صارف نے اپنی ٹویٹ میں کے جی ایف چیپٹر2 کے حوالے سے لکھاکہ ، ‘بالی ووڈ والوں کے پاس اب کام نہیں ہے کیا، اب یہ ومل اور تمباکو جیسے شتہارات میں ہی دکھیں گے کیوں کہ ماسٹر پیس تو ساؤتھ والے بنارہے ہیں‘۔

کڑی تنقید کے بعد اکشے کمار نے مداحوں اور فالوورز سے اپنے اس اقدام کی معافی مانگ لی۔

اس حوالے سے کی جانے والی ٹویٹ میں اداکار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ، ‘میں آپ سے، تمام مداحوں اورخیر خواہوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، گزشتہ کئی روزکے دوران آپ کے ردعمل نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، اگرچہ میں تمباکو کی حمایت نہیں کرتا نہ ہی کروں گا لیکن میں آپ کے جذبات کا احترام کرتا ہوں ‘

ومل الائچی کے ساتھ کام کرنے سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کرنے والے اکشے کمار نے کہا کہ وہ اس اشتہارمیں کام کے لیے جانے والی رقم کو کسی اچھے مقصدمیں استعمال کریں گے، برانڈ معاہدے کی قانونی مدت تک اس اشتہارکو نشر کرنا جاری رکھ سکتا ہے جس کے وہ پابند ہیں لیکن وعدہ کرتے ہیں کہ مستقبل کے انتخاب کے لیے انتہائی محتاط رہیں گے۔

اکشے کمارانڈسٹری میں اپنی بہترین جسمانی فٹنس کے لیے جانے جاتے ہیں جو علی الصبح بیدارہوکرشوٹنگ پرپہنچنے کے لیے بھی مشہورہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں